

کراچی (نیوز لیب رپورٹ)پاکستان اس سیزن میں ایک لاکھ 25 ہزار ٹن آم ایکسپورٹ کرے گا ،گذشتہ سال کی نسبتآم کی ایکسپورٹ کے ہدف میں 25 ہزار ٹن کا اضافہ کردیا گیا ،اب رواں سیزن ایک لاکھ پچیس ہزار ٹن آم ایکسپورٹ کیا جائے گا۔مارکیٹ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سیزن ایک لاکھ ٹن آم برآمد کیا گیا تھا، پاکستان فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایسوسی ایشن نے آم کی ایکسپورٹ کا ہدف مقرر کردیا، آم کی ایکسپورٹ کا آغاز 25 مئی سے ہوگا، ایک لاکھ پچیس ہزار ٹن آم کی ایکسپورٹ سے 10 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوگا۔سرپرست اعلی پی ایف وی اے وحید احمد کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں اور پانی کی قلت کی وجہ سے آم کی پیداوار میں 20 فیصد کمی کا سامنا ہے، رواں سیزن آم کی پیداوار 14 لاکھ 40 ہزار ٹن رہنے کا امکان ہے، رواں سیزن جنوبی افریقہ کی نئی منڈی ملنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہاکہ جنوبی افریقہ کے قرنطینہ ماہرین کا وفد رواں سیزن پاکستان کا دورہ کرے گا، چین اور ترکی کی منڈی پر خصوصی توجہ ہوگی، جاپان آسٹریلیا امریکا اور سائوتھ کوریا کی منڈیوں کو مستحکم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت شپنگ کمپنیوں کی جانب سے غیر منصفانہ اضافی فریٹ چارجز وصولی کا نوٹس لے، ماحولیاتی اثرات سے نمٹنے کے لیے نئی ورائٹیز کی کاشت اور ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ ناگزیر ہے۔