

کراچی ( نیوز لیب رپور ٹ )ای او بی آئی پنشرز کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا، 15 فیصد اضافےکے اعلان پر عمل نہیں ہوا ۔ لاکھوں پنشنرز مایوسی کا شکار،تفصیلات کے مطابق ایمپلائیز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن(ای اوبی آئی) نے 20 مارچ 2025 کو اسلام آباد میں منعقدہ اپنے 135ویں اجلاس میں ای او بی آئی کے پنشنرز کے لئے یکم جنوری 2025 سے پنشن میں 15 فیصد اضافہ کی سفارش کی تھی اوراضافہ شدہ پنشن کے اخراجات سے نمٹنے کے لئے وفاقی حکومت سے 5 ارب روپے کی امداد طلب کرتے ہوئے اپنی سفارشات کو حتمی منظوری کے لئے وفاقی حکومت کو بھیج دیا تھا ۔ وفاقی وزیر برائے وزارت سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین نے 30 اپریل کو ذرائع ابلاغ میں اعلان کیا تھا کہ وزیر اعظم یکم مئی کو یوم مزدور کے موقع پر ای او بی آئی کی پنشن میں اضافہ کا باضابطہ اعلان کریں گے،یہ اضافہ یکم جنوری سے کیا جائے گا، لیکن نامعلوم وجوہ کی بنا پر تاحال یہ اعلان نہ ہوسکا جس سے لاکھوں پنشنروں میں سخت مایوسی پھیل گئی ہے۔ اب یہ معاملہ منظوری کے لئے وفاقی کابینہ کو بھیجا گیا گیا ہے۔ دو ماہ سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود تاحال ای او بی آئی کے لاکھوں پنشنروں کا اپنی پنشن میں 15 فیصد اضافہ کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکا۔