کراچی ( نیوزلیب رپورٹ ) تیل کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ،لیگی قیادت پر دباو بڑھ گیا، مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور اسحق ڈار کو جاتی عمرہ طلب کرلیا ، وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت ہر ممکن ریلیف دینے کی کوشش کر رہی ہے،میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کو مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف سے وزیر اعظم پاکستان شہبازشریف کی جاتی عمرہ میں اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی شریک تھے ،اس ملاقات میں تیل کی قیمت میں اضافے اور ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے نواز شریف کو عالمی کشیدگی کے پاکستان پر اثرات سے آگاہ کیا اور پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی، وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو ملکی معیشت کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت ہر ممکن ریلیف دینے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے ،۔ شہباز شریف نے بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے، ایران اور سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک سے تیل کی سپلائی پر رابطے جاری ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ اگلے 48 گھنٹوں میں پاکستان کو مزید تیل ملنے کی امید ہے، اضافی تیل کی فراہمی سے پاکستان کی پٹرولیم صورتحال مزید بہتر ہونے کا امکان ہے، حکومت نے ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی،گزشتہ چند دنوں میں خطے کے اہم ممالک سے رابطے کئے جبکہ سعودی عرب، ایران اور دیگر خلیجی ممالک سے سفارتی رابطے سے متعلق آگاہ کیا۔ ۔ نواز شریف نے اس موقع پر ہدایت دی کہ غریب آدمی کی مشکلات کم کرنے کیلئے جو بھی ممکن اقدامات کیے جا سکتے ہیں، وہ کیے جائیں۔ شہباز شریف نے وضاحت کی کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے پاکستان خطے میں امن اور استحکام کیلئے کردار ادا کر رہا ہے اورکسی بھی بحران سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔ دوسری جانب قائد مسلم لیگ ن نوازشریف نے علاقائی کشیدگی کے باوجود توانائی سپلائی برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو توانائی کے بحران سے بچنے کیلئے متبادل اقدامات کرنا بہترین اقدام ہے نوازشریف نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات انتہائی حساس ہیں، حکومت کو دانشمندانہ معاشی حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مشکل حالات میں عوامی ریلیف کو ترجیح دینا ضروری ہے، حکومت کو معیشت مستحکم کرنے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے
