کراچی ( نیوز لیب رپورٹ ) عوام منافع بخش سرمایہ کاری کے نام پر نئے دھوکے سے بچ کر رہیں ،سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے “حلال” منافع کے نام پر ایک اور بڑے فراڈ کی نشاندہی کرتے ہوئے عوام کو محتاط رہنے کی تلقین کردی ہے۔
ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ عوام کا اعتماد حاصل کرنے کے لئے سرمایہ کاروں کو اسٹامپ پیپر معاہدوں اور بعد کی تاریخوں کے چیکوں کے ذریعے سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی جا رہی ہے۔ عوام کی آگہی کے لئے ایس ای سی پی نے ان کمپنیوں کے نام بھی شائع کئے ہیں ، ایس ای سی پی کی “غیر مجاز سرگرمیوں میں ملوث کمپنیوں کی فہرس”میگ وینچرز”، “گیلیکسی ٹریڈرز”، میگ وینچرز (ایس ایم سی-پرائیویٹ)لمیٹڈ، میگ آرگینک میٹس (ایس ایم سی-پرائیویٹ)لمیٹڈ اور میگ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (ایس ایم سی-پرائیویٹ)لمیٹڈ شامل ہیں ۔
ایس ای سی پی اعلامیہ کے مطابقسیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ایک بظاہر فراڈ پر مبنی سرمایہ کاری ، رقم جمع کرنے کی اسکیم کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے ، اس اسکیم کو سید محسن سلطان شاہ “میگ وینچرز” کے نام سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھرپور طریقے سے پروموٹ کر رہے ہیں۔یہ اسکیم عوام کو خلیجی ممالک میں گوشت برآمد کرنے کے کاروباری شراکت کے جھانسے سے راغب کرتی ہے، اور ہر ماہ5 فیصد سے 12فیصد تک کے “حلال” منافع کی ضمانت دیتی ہے، جو مبینہ طور پر ایک فتوی سے ثابت شدہ بتائے جاتے ہیں۔ سرمایہ کاری کے پیکجز 1 لاکھ روپے سے لے کر 1 کروڑ روپے تک ہیں، اور سرمایہ کاروں کو اسٹامپ پیپر معاہدوں اور بعد کی تاریخوں کے چیکوں کے ذریعے سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی جاتی ہے۔اس اسکیم کے ذریعے یہ بھی دعوی ٰ کیا جاتا ہے کہ ہم اپنے کاروبار کو مختلف شعبوں میں پھیلانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، جن میں رئیل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ، سپر مارکیٹس، گاڑیوں کی خرید و فروخت، کیفے، فیشن اور بیوٹی، ایپل مصنوعات کی ریٹیلنگ، اور دبئی میں ہیڈکوارٹر کے ساتھ عالمی سطح پر کام شامل ہے۔
سید محسن سلطان شاہ نے کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت ایک کمپنی رجسٹر کر رکھی ہے جس کا نام بھی ملتا جلتا ہے: میگ وینچرز (ایس ایم سی-پرائیویٹ)لمیٹڈ، جو ٹریڈنگ سیکٹر میں ہے۔ اس کے ساتھ دو اور کمپنیاں بھی رجسٹرڈ کی گئی ہیں: میگ آرگینک میٹس (ایس ایم سی-پرائیویٹ)لمیٹڈ اور میگ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (ایس ایم سی-پرائیویٹ)لمیٹڈ۔ تاہم، اس کے فنڈ ایک غیر رجسٹرڈ ادارے “گیلیکسی ٹریڈرز” کے بینک اکانٹ اور کرپٹو کرنسی والٹس کے ذریعے جمع کیے جا رہے ہیں۔
ایس ای سی پی عوام کو سختی سے خبردار کرتی ہے کہ وہ “میگ وینچرز”، “گیلیکسی ٹریڈرز”، میگ وینچرز (ایس ایم سی-پرائیویٹ)لمیٹڈ، میگ آرگینک میٹس (ایس ایم سی-پرائیویٹ)لمیٹڈ، میگ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (ایس ایم سی-پرائیویٹ)لمیٹڈ یا کسی بھی متعلقہ ادارے میں سرمایہ کاری یا رقم جمع نہ کروائیں، کیونکہ یہ ادارے کسی بھی قسم کے انتظام کے تحت رقم جمع کرنے یا سرمایہ کاری اسکیمیں چلانے کے مجاز نہیں ہیں۔ان کمپنیوں کے نام ایس ای سی پی کی “غیر مجاز سرگرمیوں میں ملوث کمپنیوں کی فہرست” میں شامل کر دیے گئے ہیں، جو ایس ای سی پی کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ یہ معاملہ مزید کارروائی کے لیے متعلقہ تفتیشی اداروں کو بھی بھیج دیا گیا ہے۔عوام کو یاد دہانی کرائی جاتی ہے کہ سرٹیفکیٹ آف انکارپوریشن صرف کمپنی کی رجسٹریشن ظاہر کرتا ہے، اور یہ کسی کمپنی کو رقم جمع کرنے یا سرمایہ کاری اسکیمیں شروع کرنے کا اختیار نہیں دیتا۔
