کراچی (نیوز لیب رپورٹ) فور ڈی گروپ آف کمپنیز میں سرمایہ کاری کرنے والے ہوشیار،ایس ای سی پی نے وارننگ جاری کر دی ،منافع کے لالچ میں بڑے فراڈ کا خدشہ ہے ،ایس ای سی پی نے وارننگ جاری کردی ،منافع کی لالچ میں بڑے فراڈ کا خدشہ ہے ،سرکاری ادارے سیکورٹی اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان ( ایس ای سی پی )نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ فور ڈی (4D) گروپ آف کمپنیز اور اس کے مالک، محمد آصف، مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک غیر قانونی سرمایہ کاری اور ڈپازٹ اسکیم کو جارحانہ انداز میں فروغ دے رہے ہیں۔ اس اسکیم میں عوام کو ماہانہ 8 سے 12 فیصد منافع دینے کا وعدہ کیا جا رہا ہے۔اس لئےایس ای سی پی عوام کو مطلع کرتا ہے کہ فور ڈی گروپ آف کمپنیز نہ تو کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ ہے اور نہ ہی شامل ہے۔ مزید یہ کہ اسے عوام سے ڈپازٹ لینے یا کسی بھی قسم کی سرمایہ کاری اسکیم پیش کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ فور ڈی گروپ آف کمپنیز کی سرمایہ کاری اور ڈپازٹ لینے کی سرگرمیاں غیر قانونی ہیں اور عوام کے لیے بڑے مالی نقصان کا سبب بن سکتی ہیں۔ایس ای سی پی نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ فور ڈی گروپ آف کمپنیز یا کسی بھی ایسے غیر رجسٹرڈ پلیٹ فارم میں، اس کی شکل یا طریقہ کار کچھ بھی ہو، سرمایہ کاری یا رقوم جمع نہ کروائیں۔ یہ معاملہ مزید کارروائی کے لیے متعلقہ تحقیقاتی اداروں کو بھیج دیا گیا ہے تاکہ ان غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔عوام کو یہ بھی یاد دلایا جاتا ہے کہ کسی کمپنی کا “سرٹیفیکیٹ آف انکارپوریشن” صرف اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ کمپنی ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ ہے۔ یہ کمپنی کو عوام سے ڈپازٹ لینے یا سرمایہ کاری اسکیمیں شروع کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ ایس ای سی پی عوام پر زور دیتا ہے کہ وہ ہوشیار رہیں اور کسی بھی سرمایہ کاری کے موقع کی قانونی حیثیت ایس ای سی پی کے سرکاری ذرائع سے ضرور تصدیق کریں۔عوام کے تحفظ اور غیر مجاز سرمایہ کاری اسکیموں کی روک تھام ایس ای سی پی کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ ایس ای سی پی مسلسل نگرانی کرتا ہے اور ایسی سرگرمیاں سامنے آنے پر مناسب کارروائی کرتا ہے۔

