کراچی(نیوزلیب رپورٹ )پیٹرولیم ڈیلرز اور حکومت کے درمیان مذاکرات ناکام، حکومت نے ہری جھنڈی دکھاتے ہوئے ہڑتال کرنے پر سخت کاروائی کا عندیہ بھی دے دیا،ہفتہ 15 اگست کی صبح سے ہڑتال ہو گی ،پیٹرولیم ڈیلرز تمام پیٹرول پمپ بندکردیں گے۔ کے مطابق جمعرات کو اسلام آباد میں پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن(پی پی ڈی اے) کے چیئرمین ملک خدا بخش کی قیادت میں پیٹرولیم ڈیلرز کے نمائندوںنے وزا رت پیٹرولیم سے ہونے والے مذاکرات میں وزیرپیٹرولیم علی پرویز ملک پر زور دیا کہ آپ نے 15روز میں مطالبات کی منظوری کا وعدہ کیا گیا تھا ، اب اپنا وہ وعدہ پورا کریں تاہم وفاقی وزیرپیٹرولیم نے اپنے وعدے پورے کرنے سے انکار کردیا ۔ جس پیٹرولیم ڈیلرز اور وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں ماحول کشیدہ ہو گیا ۔ پیٹرولیم ڈیلرز کے وفد کے وزارت پیٹرولیم سے5گھنٹے تک مذاکرات جاری رہے،لیکن نتیجہ مثبت نہیں نکلا ۔ملاقات کرنے والے پیٹرولیم ڈیلرز کے وفد میں چیئرمین پی پی ڈی اے ملک خدا بخش، وائس چیئرمین طارق حسن، وائس چیئرمین انور کمال اورسندھ کے صدر امیر خان،پنجاب سے پی پی ڈی اے کے وائس چیئرمین راجہ وسیم ،چوہدری بابر ،خواجہ کاشف الہی اور خیبرپختونخوا سے عبد الماجد خان اور دیگر شامل تھے ۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات میںپیٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے دیے گئے 72 گھنٹے کے الٹی میٹم پر وفاقی وزیرِ پیٹرولیم نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ رد و بدل کے نظام میں تبدیلی سے انکار کر دیا تاہم ڈیلرز کے مارجن میں ایک روپے 34 پیسے اضافے پر بات کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی، لیکن اس کی منظوری بھی وفاقی کابینہ سے مشروط کردی گئی ۔جس پر پیٹرولیم ڈیلرز سخت مایوس ہو ئے فوری طور پر کراچی واپس روانہ ہونے کا فیصلہ کیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرپیٹرولیم سے مذاکرات ناکام ہونے پر پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کراچی میں اپنی ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کر لیا ہے،ہنگامی اجلاس میں ہڑتال اور حکومتی رویے پر بات ہوگی ۔چیئرمین پی پی ڈی اے ملک خدا بخش کا کہنا ہے کہ ہفتہ کی صبح ہڑتال کے فیصلے پر بدستور قائم ہیں اورپیٹرولیم ڈیلرز اپنا کاروبار بند کردیں گے۔
