کراچی ( نیوز لیب رپورٹ) پنجابی فلم سردار جی3 بھارت میں متنازعہ ہونے کی وجہ سے پاکستان میں ریکارڈ توڑ کامیابی کا باعث بن گئی،میڈیا رپورٹس کے مطابق، سردار جی3نے سلمان خان کی فلم سلطان کا ریکارڈ توڑتے ہوئے پاکستان میں ہندوستانی سنیما کی سب سے بڑی افتتاحی فلم بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے ،میڈیا انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں افتتاحی دن فلم نے3 کروڑ 50 لاکھ پاکستانی روپے اور بیرون ملک پہلے دن 4 کروڑ 50 لاکھ انڈین روپے کا بزنس کیا ہے۔
اس کے علاوہ کنیڈا جو انڈین فلم کی سب سے بڑی غیر ملکی مارکیٹ ہے، ۱یک لاکھ ۹۵؍ ہزار کنیڈین ڈالر اور آسٹریلیا میں اس فلم نے 80 ہزار آسٹریلن ڈالر کا بزنس کیا ہے ۔ تاہم بیرون ملک کامیابی کے باوجود، ہندوستان میں فلم کی نمائش نہیں ہوئی ،بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق دلجیت دوسانجھ کو اپنی فلم ،سردار جی3، میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو کاسٹ کرنے پر شدید تنقید کا سامنا ہے ،بھارتی فلم انڈسٹری سے متعلق ایک ایسوسی ایشن نےاس سلسلے میں وزیر اعظم نریندرمودی کو ایک خط بھی لکھ دیا ہے ،جس میں وزیر اعظم نریندرمودی سے دلجیت دوسانجھ کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیاہے۔ خط میں نہ صرف یہ کہ دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے بلکہ ان کے سوشل میڈیا کو معطل کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہدلجیت دوسانجھ کےیوٹیوب، اسپوٹی فائی، جیو ساون اور او ٹی ٹی سے تمام نغمے ہٹا دیئے جائیںکسی بھی سرکاری پروگرام، تقریب یا مہم میں دلجیت دوسانجھ کو مدعو نہ کیا جائے،دلجیت دوسانجھ کی فلم ’’سردار جی 3‘ کی فنڈنگ پر مکمل تفتیش کی جائے اور ملک بھر میں فلم کی ریلیز پر پابندی عائد کی جائے،ایسوسی ایشن نے پنجابی گلوکار پر مکمل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مستقبل میں ان کے ساتھ کام کرنے والے تمام افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔
دوسری جانب دلجیت دوسانجھ نے تنازع پر اپنی رائے دیتے ہوئے ایک اخبار کو بتایا ہے کہ سیاسی تنازع کے پھیلنے سے پہلے ہی یہ پروجیکٹ مکمل ہوچکا تھا،جب یہ فلم بنی تھی تب سب ٹھیک تھا۔ ہم نے فروری میں شوٹ کیا تھا ۔ اس کے بعد بہت ساری چیزیں ہمارے ہاتھ میں نہیں ہیں،سیاسی تنازعے کے بعد پروڈیوسرز نے فیصلہ کیا کہ یہ فلم اب تو ہندوستان میں نہیں لگے گی اور اسے اب بیرون ممالک میں ریلیز کرتے ہیں۔ کیونکہ پروڈیوسرز کا بہت پیسہ لگا ہوا ہے اور جب یہ فلم بن رہی تھی تب ایسا کچھ تھا نہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اب حالات ہمارے قابو میں نہیں ہیں۔ اسی لئے اگر پروڈیوسرز اس فلم کو بیرون ممالک میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کر رہے ہیں تو میں ان سے تعاون کروں گا۔
