کراچی ( نیوز لیب رپورٹ) ٹیکنالوجی کی دوڑ ، کورین کمپنیوں سام سنگ اور ہنڈائی نے ڈرائیورز کو گھریلو آلات کنٹرول کرنے کی سہولت فراہم کر دی ہے۔ ،کار ٹو ہوم سروس،سام سنگ اور ہنڈائی موٹرز گروپ کی شراکت داری سے متعارف کرائی گئی ہے ، دونوں کمپنیوں کا کہنا ہے کہ اس اشتراک کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے گاڑی میں صحت کی نگرانی کے فیچرز بھی شامل کیے جا رہے ہیں، جن میں گاڑی کے اندر لگے کیمرے اور گلیگسی ویئرایبل ڈیوائسز کے ذریعے مسافروں کی صحت پر نظر رکھی جائے گی، کورین اخبار کی رپورٹ کے مطابق سام سنگ اور ہنڈائی نے ڈرائیورز کو گاڑی سے گھر کے آلات کنٹرول کرنے کی سہولت دے دی، دونوں کمپنیوں نے شراکت داری کرتے ہوئے ڈرائیورز کو اپنی گاڑی کے اندر بیٹھ کر گھریلو آلات کنٹرول کرنے کی سہولت فراہم کر دی ہے، پیر23 مارچ سے ،کار ٹو ہوم سروس، کا باقاعدہ آغاز کیا گیا ہے۔یہ سروس گزشتہ دسمبر میں متعارف کرائی گئی “ہوم ٹو کار فیچر کے بعد پیش کی گئی ہے، جس کے ذریعے صارفین گھر بیٹھے گاڑی کے فنکشنز کو کنٹرول کر سکتے تھے۔ نئی کار ٹو ہوم سروس گاڑی اور گھر کے درمیان دو طرفہ رابطہ مکمل کرتی ہے،اس سسٹم کے ذریعے ہنڈائی موٹرز اور کیا موٹرزکے ڈرائیورز اپنی گاڑی کے ٹچ اسکرین کے ذریعے اسمارٹ تھنگ سے منسلک آلات جیسے ایئر کنڈیشنر، ایئر پیوریفائر، روبوٹک ویکیوم کلینر اور لائٹس کو دور سے کنٹرول کر سکتے ہیں۔ یہ سروس فی الحال اُن گاڑیوں میں دستیاب ہے جن میں نومبر 2022 کے بعد متعارف کرایا گیا کنیکٹڈ کار نیویگیشن کاک پٹ پلیٹ فارم موجود ہے، جبکہ سافٹ ویئر اپ ڈیٹس کے ذریعے اس کا دائرہ مزید بڑھایا جائے گا۔اس سروس کی ایک اہم خصوصیت اسمارٹ تھنگ کی لوکیشن بیسڈ “اسمارٹ روٹینز” ہے، جو گاڑی کے گھر کے قریب آنے یا دور جانے کے مطابق خودکار کارروائیاں انجام دیتی ہیں۔مثال کے طور پر، جب گاڑی گھر کے قریب پہنچتی ہے تو “واپسی موڈ” خودکار طور پر فعال ہو جاتا ہے، جس سے ایئر پیوریفائر اور لائٹس آن ہو جاتی ہیں، جبکہ گرمیوں میں گھر کو پہلے سے ٹھنڈا بھی کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح جب گاڑی گھر سے نکلتی ہے تو “اوے موڈ” غیر ضروری آلات اور لائٹس بند کر دیتا ہے اور روبوٹ ویکیوم کو فعال کر دیتا ہے۔سام سنگ کے مطابق اس سروس کا مقصد گاڑی اور گھر کو ایک مربوط ماحول میں جوڑ کر صارفین کو زیادہ آسان اور ذاتی نوعیت کا تجربہ فراہم کرنا ہے۔سام سنگ الیکٹرانکس میں اسمارٹ تھنگز کے نائب صدر جنگ جے یون نے کہا کہ “کار ٹو ہوم سروس صرف ایک نیا فیچر نہیں بلکہ صارفین کو گھر اور گاڑی کے درمیان ایک مربوط روزمرہ زندگی کا تجربہ فراہم کرتی ہے۔”گزشتہ سال متعارف کرائی گئی ہوم ٹو کار سروس کے ذریعے صارفین اپنے موبائل پر ایپ کے ذریعے گاڑی کی حالت چیک کر سکتے ہیں اور ایئر کنڈیشننگ، دروازے لاک یا ان لاک کرنے اور الیکٹرک گاڑی کی چارجنگ جیسے فیچرز کو کنٹرول کر سکتے ہیں۔ٹیکنالوجی اور آٹو موبائل کمپنیوں نے ستمبر 2024 میں اپنے مصنوعات کے درمیان کنیکٹیویٹی بڑھانے کے لیے معاہدہ کیا تھا، جس کی شروعات اسمارٹ تھنگ فائنڈ کے ذریعے لوکیشن ٹریکنگ فیچرز سے ہوئی۔سام سنگ کے مطابق، حتیٰ کہ براہِ راست انٹرنیٹ کنکشن کے بغیر بھی گلیکسی اسمارٹ فونز دیگر ڈیوائسز کی مدد سے گاڑی کی لوکیشن معلوم کر سکتے ہیں۔ اس سے صارفین کو اپنی گاڑی پارک کرنے کے بعد بھول جانے یا چوری کی صورت میں اسے تلاش کرنے میں مدد ملتی ہے، جس سے سہولت اور سیکیورٹی دونوں بہتر ہوتی ہیں۔یہ کنیکٹیویٹی مزید آگے بڑھاتے ہوئے صحت کی نگرانی کے فیچرز بھی شامل کیے جا رہے ہیں، جن میں گاڑی کے اندر لگے کیمرے اور ویئرایبل ڈیوائسز کے ذریعے مسافروں کی صحت پر نظر رکھی جائے گی، جبکہ پالتو جانوروں کی دیکھ بھال کے لیے بھی گاڑی کے اندر کے ماحول کو دور سے کنٹرول کیا جا سکے گا۔
