کراچی ( نیوز لیب رپورٹ)سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اچانک کمی کی وجوہات کیا ہیں؟تجزیہ کاروں کے مطابق سونا اور چاندی کی قیمتوں میں اچانک کمی کی کئی وجوہات ہیں، جن میں سب سے بڑی وجہ پرافٹ ٹیکنگ ہے، دوسرے اسباب میں امریکی ڈالر میں تیزی، اور امریکی اسٹاک مارکیٹ میں فروخت کا دباؤ شامل ہے، جو دیگر اثاثوں تک بھی پھیل گیا۔ اس کے علاوہ قیمت میںاضافے کی وجہ یہ افواہیں بھی تھیں کہ امریکن مرکزی بینک، فیڈرل ریزرو ،کو ایک زیادہ سخت گیر مؤقف رکھنے والے (ہاکس) چیئرمین کے حوالے کیا جا رہا ہے ، ان افواہوں نے بھی قیمتی دھاتوں پر دباؤ ڈالا۔ اچانک بڑی کمی بارے تجزیہ نگاروں کا موقف ہے 2025 کے آغاز سے سونا اور چاندی کی قیمتوں میں تیز اضافے کے بعد یہ تیزی حد سے زیادہ ہو چکی تھی اور پائیدار نہیں تھی، اسی لیے بڑے بڑےسرمایہ کار بلند قیمتوں پر منافع حاصل کر نے کے لئے سرگرم ہو گئے ہیں ۔ایک عالمی تجزیہ نگار مالیاتی ادارے کے سربراہ کا کہنا ہے کہ :”مارکیٹ میں حد سے زیادہ جوش اور بنیادی عوامل کے بجائے سرمایہ کے بہاؤ کے غلبے کی وجہ سے، اصلاح (کریکشن) کے لیے زیادہ کچھ درکار نہیں ہوتا۔”صرف جنوری کے مہینے میں ہی سونے کی قیمتوں میں تقریباً 25 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ چاندی 60 فیصد سے زیادہ مہنگی ہو چکی ہے۔ یہ اضافہ 2025 میں سونے کی قیمت میں 65 فیصد اور چاندی میں 148 فیصد کے بڑے اضافے کے بعد دیکھنے میں آیا۔امریکی ڈالر نے اپنی ابتدائی کمزوری ختم کرتے ہوئے تقریباً 0.3 فیصد اضافہ کیا، جس سے دھاتوں پر مزید دباؤ پڑا۔ مضبوط ڈالر عموماً قیمتی دھاتوں کی طلب کم کر دیتا ہے، کیونکہ ڈالر میں قیمت لگنے والی اشیا غیر ملکی خریداروں کے لیے مہنگی ہو جاتی ہیں تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکی اسٹاک مارکیٹ میں کریش دیگر اثاثوں، بشمول سونا، چاندی، صنعتی دھاتیں اور بٹ کوائن، میں فروخت کو بڑھا تا رہا ہے “اسٹاک مارکیٹ میں کمی نے دیگر اثاثوں، بشمول قیمتی اور صنعتی دھاتوں، میں بھی لیکویڈیشن کو جنم دیا ہے،لیکن امریکن اسٹاک مارکیٹ میں فروخت سونا اور چاندی کی قیمتوں میں اضافے کو پلٹ سکتی ہے۔اگر اسٹاک مارکیٹ میں بڑی اصلاح آتی ہے تو سرمایہ کار سونا اور چاندی بیچ کر دوبارہ اسٹاکس میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں، جس سے سونا اور چاندی میں بھی تیزی سے کمی دیکھنے میں آئے گی ،ایک امریکن مالیاتی تجزیہ نگار کا کہنا ہے کہ ۔ قیمتی دھاتوں میں اصلاح کا وقت آ چکا ہے، اور یہ سرمایہ بالآخر ایکویٹی مارکیٹ میں واپس جا سکتا ہے۔”یہ صورتحال آج مارکیٹ میں دیکھنے میں آ رہی ہے،تجزیہ نگاروں کا موقف ہے امریکن مرکزی بینک کے چیئرمین کا نام سامنے آنے پر افواہوں دم توڑ گئیں ہیں اس وجہ سے سرمایہ کاروں میں بڑھتی بے چینی کم ہو ئی ہے اور انھوں نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے منافع کو ترجیح دینا شروع کر دی ہے ،
دریں اثنا ہفتہ کو چاندی کی قیمت میں تاریخ کی سب سے بڑی کمی،سونے کی قیمت بھی مزید 25 ہزار500 روپے فی تولہ کم ہو گئی،2 روز میں سونا 61 ہزار روپے فی تولہ سستا ہو گیا،آل پاکستان صرافہ جیم اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق انٹر نیشنل مارکیٹ میں سونے کی قیمت 255 ڈالر فی اونس کم ہو کر 4895 ڈالر فی اونس پر آگئی ہے،انٹر نیشنل مارکیٹ میں اچانک بڑی کمی سے پاکستان میں بھی سونے کی قیمت ہفتہ کو 25 ہزار 500 روپے کی کمی سے 5 لاکھ 11 ہزار 862 روپے فی تولہ اور 10 گرام سونے کی قیمت 21 ہزار 862 روپے کی کمی سے 4 لاکھ 38 ہزار 839 روپے ہو گئی ہے،ایسوسی ایشن رپورٹ کے مطابق چاندی کی انٹر نیشنل مارکیٹ میں قیمت 20.63 ڈالر فی اونس کی بڑی کمی سےایک ہزار ڈالر کی حد سے نیچے آکر 8531 روپے فی اونس ہو گئی ہے ،انٹر نیشنل مارکیٹ میں کمی کی وجہ سے پاکستان میں بھی چاندی کی قیمت تاریخ کی سب سے بڑی کمی 2063 روپے فی تولہ سے 10 ہزار سے کم ہو کر 9006 روپے فی تولہ پر آگئی ہے
