کراچی ( نیوزلیب رپورٹ )سپریم کونسل آف آل پاکستان ٹرانسپورٹرز نے ایندھن کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو خوفناک اور ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز سے کہا ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں کھڑی کر دیں اور جب تک حکومت اس ظالمانہ فیصلے کو واپس نہ لے ٹرانسپورٹرز گاڑیاں سڑکوں پر نہ لائیں ، چیئرمین سپریم کونسل آف آل پاکستان ٹرانسپورٹرز کے مطابق پیر کو ان کا ایک ہنگامی اجلاس کیپٹن (ر) آصف محمود کی زیر صدارت ہاکس بے ٹرکس اسٹینڈ پر منعقد ہوا،جس میں سینئر وائس چیئرمین ملک ریاض اعوان، جنرل سیکریٹری حنیف خان مروت، وائس چیئرمین دلاور خان نیازی، مراد خان درانی، اقبال شاہزئی، حمید شاہین عمرانی، اختر سعید خان سمیت دیگر عہدیداران نےشرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل آف آل پاکستان ٹرانسپورٹرز کیپٹن (ر) آصف محمود نے جنگ کی آڑ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں خوفناک حد تک اضافے کو ٹرانسپورٹرز کے خلاف سازش قرار دیا۔ اور کہا کہ اچانک اتنا بڑا اضافہ ٹرانسپورٹ برادری کو نہ صرف مفلوج کردے گا بلکہ ملک بھر میں ٹرانسپورٹیشن کے نظام کو درہم برہم کرکے رکھ دے گا۔ پاکستان میں آئندہ چند روز میں ہر قسم کے تجارتی سامان اور اشیا خورد و نوش کی قلت سے ملک ایک سنگین بحران سے دوچار ہوجائے گا۔ حکومت پاکستان کے ترجمان وفاقی وزیر کی جانب سے سبسڈی کا بیان مضحکہ خیز ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ موصوف کو یہ علم ہی نہیں کہ ٹرانسپورٹ کے تمام شعبوں کو کسی بھی طرح علیحدہ علیحدہ سبسڈی نہیں دی جاسکتی۔ حکومت کا یہ فیصلہ کسی مضموم مقاصد کے تحت کیا گیا اور ٹرانسپورٹرز اسے کسی بھی حالت میں تسلیم نہیں کریں گے۔ پاکستان کی ٹرانسپورٹ برادری پہلے ہی فیول کی قیمتوں، ٹائرز، اسپیئر پارٹس اور ٹول ٹیکسز میں اضافے سے تباہی و بربادی کا شکار تھی اور اس پر سونے پر سُہاگہ حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کا اصلی بم بھی چلادیا ہے۔ ان حالات میں ٹرانسپورٹز کے لئے اپنی گاڑیاں چلانا بالکل بھی ممکن نہیں، “لہذا میری پورے پاکستان کی ٹرانسپورٹ برادری سے اپیل ہے کہ وہ ایک بار پھر بے مثال اتحاد اور یکجانیت کا ثبوت دیں اور اپنی گاڑیاں کھڑی کردیں”جب تک حکومت اس ظالمانہ فیصلے کو واپس نہ لے ٹرانسپورٹرز گاڑیاں روڈ پر مت لائیں ہمارا اتحاد اور اتفاق ہی ہماری بقا کا ضامن ہے اور اگر اس وقت ہم سب نے کوئی مثالی قدم نہ اٹھایا تو یہ ظلم ٹرانسپورٹ برادری کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔
